سائنس ہمیں کائنات اور زمین پر زندگی  کی ابتداءکے بارے میں کیا کہانی سناتی ہے؟ تخلیق کی نئی  تفہیم اور نئے معاشرتی اور ماحولیاتی حقائق   سے روایت کو کس طرح کے چیلنج  در پیش آتے ہیں، اور ان سے مقابلہ کرنے کے لئے روایت کس طرح کے وسائل فراہم کرتی ہے؟ اس ماڈیول میں متعلقہ جدید مباحث کی طرف بڑھنے سے پہلے ہم کائنات  اور زندگی کی ابتداء سے لیکر انسانی کہانی کی وسیع تر تصویر کے بارے میں تحقیق کریں گے۔

سائنس ہمیں بتاتی ہے کہ قابل مشاہدہ کائنات 13.7 ارب سال پہلے ایک کونیاتی  انفجار عظیم "بگ بینگ” کے بعد ابھری۔ موجودہ سائنسی معلومات کے ذریعہ ہم جانتے ہیں کہ  موجودہ انسان، جسے سائنسی زبان میں  ہومو سیپینس  کہتے ہیں، تقریبا 200,000 سال پہلے معرض وجود میں آیا۔ تاہم اپنی کونیاتی ابتداء اور انسانیت کے ظہور کو سمجھنے میں ہمیں مختلف  آراء کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔ اسلام سمیت دنیا کے بڑے مذہبوں نے ایک بالکل مختلف  سائنسی نظریہ حیات  والی زرعی ثقافت کے مطابق نشو نما حاصل کی۔ کیا یہ مذاہب، تکنیکی سائنسی دور میں ہونے اور جاننے کے نئے طریقوں کے مطابق خود کو ڈھال سکتے ہیں؟ ہم  نصوص  اور مذہب کی ان تعلیمات کی طرف کس طرح سے راغب ہو سکتے ہیں  جن میں  زمین مرکزی نظریہ یا چار قدیم عناصر وغیرہ جیسے نظریات شامل ہیں جنہیں اب ہم قبول نہیں کرتے؟ ایسی طبعی کائنات جس کی توضیح  آئنسٹائن کے نظریہ  اضافت، کوانٹم میکینکس، اور حیاتیاتی ارتقاء کے ذریعہ ہو رہی  ہو،  اس میں کس طرح کے علم الہیات کا امکان ہے؟

دنیا کی اہم مذہبی روایات کے ابتدائی  زمانے کے مقابلے میں موجودہ دور کی سیاسی  اور سماجی تنظیم  کی شکلیں بہت بدل چکی ہیں۔ قومی ریاست نے، جو مغربی جدیدیت کے مرکزی خیال کے طور پر ابھری ہے،  نئی پیدا شدہ شناختوں کو نئے سیاسی مفہوم عطا کئے ہیں۔ کیا روایت قومیت پرستی  اور ریاستی طاقت کو  مضبوط کرنے کا ایک ذریعہ ہے، یا یہ  بغیر کسی استثناء کے سب کے حقوق کو تحفظ دے سکتی ہے؟

اب آخر میں ہم اپنے مستقبل کے سوال پر آجاتے ہیں۔ اسلام اور عالمی مذاہب کے مطابق انسانوں کو زمین اور اس کی مخلوقات پر نگہبانی عطا کی گئی ہے۔ انسان کو اس ذمہ داری کو کس طرح نبھانا چاہئے؟  ماحولیاتی تبدیلی  (کلائمٹ چینج) کا مسئلہ ، جس کی وجہ سے پہلے ہی بڑی تباہیاں، اور کثیر تعداد میں  انسانوں کے بے گھر ہو جانے جیسے واقعات پیش آ چکے ہیں، انسان کی زمین پر نگہبانی کے تصور  کی ایک خاص طرح کی تشریح بیان کرتے ہیں۔ماحولیاتی توازن کے خلاف زمین کی سطح پر ہونے والی ترقی کے نتیجے میں پیدا ہونے والی عالمی حرارت میں تبدیلی، زندگی گزارنے کے حوالے سے  ہماری روایتی ترجیحات کو چیلنج کر سکتی ہے۔

مذہبی روایت کس طرح ہمارے آس پاس کی دنیا کے دریافت شدہ حقائق کے ساتھ گھلتی ملتی اور تعامل کرتی ہے؟ اور یہ روایت کس طرح جدید دور اور مستقبل بعید میں ہماری کوششوں کی رہنمائی  کر سکتی ہے؟

نوٹ: اس ماڈیول میں اصل نصاب کو مد نظر رکھتے ہوئے، ہم طلباء کو مشورہ دیتے ہیں کہ اس ماڈیول کے ساتھ ساتھ وہ یوول نوح حراری کی کتاب "ہومو سیپینز: انسان کی ایک مختصر تاریخ "اور مائکل جے مرے اور مائیکل ری کی کتاب” فلسفہ مذہب کا ایک تعارف” ،  بھی پڑھیں۔ کاپی رائٹ کے قانون کی وجہ سے ہم ان کتابوں کو یہاں شیئر نہیں کر سکتے۔

Thumbnail: "Star Night Sky Ravine.” Photo Credit: Mark Basarab.

ماڈیولز